جے شاکر کی فنِ مصوری پر تفصیلی گفتگو، شب راز امجد کی عربی خطاطی کے فن پاروں کی لائیو پرفارمنس؛ تین ماہ کے تعلیمی سفر کا جائزہ بھی لیا گیا
اسٹاف رپورٹ
ایبٹ آباد: ایبٹ آباد اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (AAPA) کے زیرِ اہتمام شائقینِ مصوری و خطاطی اور طلبہ کے لیے ایک خصوصی کریئیٹو آرٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء کو فنِ مصوری اور خطاطی کے بنیادی اصولوں، فنی رموز اور باریکیوں سے آگاہ کیا گیا۔
ورکشاپ میں معروف سینئر آرٹ ٹیچر اور مصور جے شاکر جبکہ مصورہ و خطاط شب راز امجد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء کو اپنے فن، تجربے اور عملی مشاہدات سے مستفید کیا۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد اے پی اے کے تحت شروع کیے گئے فنونِ لطیفہ کے تعلیمی سفر کے پہلے تین ماہ مکمل ہونے پر طلبہ کی کارکردگی اور تخلیقی صلاحیتوں کا جائزہ لینا، انہیں عملی طور پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور شائقینِ فن کو مصوری و خطاطی کی نئی جہتوں سے روشناس کرانا تھا۔
سینئر آرٹ ٹیچر جے شاکر نے اپنے خصوصی سیشن میں فنِ مصوری کی اہمیت، تخلیقی عمل اور فنکارانہ اظہار کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے شرکاء کو مصوری کی بنیادی تکنیکوں اور فنی باریکیوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فن محض رنگوں اور لکیروں کا امتزاج نہیں بلکہ احساس، مشاہدے، صبر اور مسلسل مشق کے ذریعے اظہار کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
اس موقع پر مصورہ و خطاط شب راز امجد نے عربی خطاطی کے فن پارے تیار کرنے کا عملی اور لائیو مظاہرہ بھی کیا۔ ان کی براہِ راست خطاطی کی پرفارمنس نے شرکاء کی خصوصی توجہ حاصل کی، جبکہ انہوں نے خطاطی کے مختلف اسالیب، حروف کی ساخت، تناسب اور خوبصورت تحریری اظہار کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایبٹ آباد اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر صفدر حسین نے کہا کہ تین ماہ قبل جس سفر کا آغاز کیا گیا تھا، ہر گزرتے دن کے ساتھ اکیڈمی کی سمت اور منزل مزید واضح ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی اے کا مقصد محض کلاسز کا انعقاد نہیں بلکہ نوجوانوں اور فنون سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ایک ایسا تخلیقی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، سیکھنے اور عملی طور پر اظہار کرنے کے مواقع حاصل کر سکیں۔
صفدر حسین نے کہا کہ اکیڈمی اپنے دیگر کورسز اور تخلیقی پروگرامز کے آغاز کے لیے بھی بتدریج تیاری کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں مزید سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ورکشاپ میں شریک طلبہ و طالبات نے کریئیٹو آرٹ ورکشاپ کو مصوری اور خطاطی کی بنیادی سمجھ بوجھ اور عملی تربیت کے حوالے سے انتہائی مفید قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ماہر فنکاروں کی براہِ راست رہنمائی اور عملی مظاہرے سے انہیں فن کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملی۔
شرکاء نے اے پی اے کی جانب سے ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مصوری، خطاطی اور دیگر فنون کے حوالے سے اس نوعیت کی ورکشاپس اور عملی تربیتی سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔